بنگلورو،17؍دسمبر (ایس او نیوز) ریاستی قانون ساز کونسل میں کل ہونے والے ہنگامے، توڑپھوڑ اور شور وغل کے بعد یہ طے ہوچکا ہے کہ کونسل کے موجودہ چیرمین کے پرتاپ چندرا شیٹی کے لئے استعفیٰ دینا ناگزیر ہوچکاہے۔ کل کے ہنگامہ کے بعد پیدا ہونے والے حالات ہی کچھ ایسے ہیں کہ شیٹی کو ہرحال میں استعفیٰ دیناپڑے گا۔ کیونکہ جے ڈی ایس اس معاملے میں بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملالینے کے بعد اکثریت ان کے ساتھ نہیں۔ اس لئے ان کا استعفیٰ دینا ناگزیر ہے۔چیرمین پرتاپ چندرا شیٹی بھی اب استعفیٰ دینے کے لئے دماغی طور پر تیار ہوچکے ہیں۔دریں اثناء اپوزیشن کانگریس لیڈر سدارامیا نے کہا ہے کہ کل کے ہنگامے کے بعد کیا تبدیلیاں ہوں گی اس کا انتظار کرنا چاہتے ہیں۔اس لئے شیٹی اپنا استعفیٰ دینے میں تاخیر کررہے ہیں۔لیکن ان کا استعفیٰ دینا طے ہے۔کونسل میں کل ہونے والے ہنگامہ کے بعد بی جے پی اور جے ڈی ایس اراکین نے کل ہی ریاستی گورنر سے ملاقات کرکے گورنرسے شکایت کی ہے۔لیکن گورنر نے اب تک اس معاملہ پر حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔حکمران بی جے پی اور گورنر کو بھی شیٹی کے استعفیٰ کا انتظار ہے۔ کانگریس لیڈروں نے شیٹی کو مشورہ دیا ہے کہ گورنر اس معاملے میں کیا فیصلہ کرتے ہیں، ہمیں یہ دیکھنے کچھ اور انتظار کرنا چاہئے۔
قانونی جنگ: کانگریس نے آج اپنے ایک اجلاس میں کہاکہ کل کونسل اجلاس کے دوران بی جے پی اور جے ڈی ایس کے چند اراکین نے جو ہنگامہ کیا اس کے تعلق سے قانونی چارہ جوئی کرنے کا کانگریس نے فیصلہ کیا ہے۔بی جے پی اور جے ڈی ایس کے اراکین نے کل ایوان میں اپنی حرکت سے دستور کی دھجیاں اڑائی ہیں۔ایوان میں بی جے پی اور جے ڈی ایس اراکین نے کل اپنی حرکتوں سے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اور چیرمین کاعہدہ کانگریس سے چھیننے کی غلط کوشش کی تھی۔ اس لئے فی الحال پرتاپ چندرا شیٹی کو اپنے عہدہ سے استعفیٰ نہ دینے کا کانگریس لیڈروں نے مشورہ دیاہے۔
گورنر کا فیصلہ: ریاستی کونسل میں کل ہونے والے ہنگامے، توڑپھوڑ اور ہاتھا پائی سے متعلق تفصیلی رپورٹ کونسل چیرمین نے ریاستی گورنر کو پیش کردی ہے۔ گورنر نے اس پورے معاملے میں ماہرین سے مشورہ کرنے کے بعد کونسل کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب گورنر کیا فیصلہ کریں گے پرتاپ چندرا کے مستقبل کا انحصار گورنر کے فیصلے پر ہے۔ اس وقت پرتاپ شیٹی کا مستقبل بھی ان لوگوں کے فیصلے پر ہی ہے۔